کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ڈی اے لینڈ سے متعلق ویری فکیشن کا عمل نادرا کے ذریعے کیا جاسکے گا۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروگرام آفیسر نادرا سجاد حسین ،ممبر فنانس کے ڈی اے محمد کاشف خان، سیکریٹری کے ڈی اے خالد ظفر ہاشمی، ڈائریکٹر لینڈ محمد قاسم، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی،ڈائریکٹر ریکوری نوید انور صدیقی، ڈائریکٹر فنانس ورئیل اندھر، ڈائریکٹر اسٹیٹ شکیل صدیقی، ترجمان ادارہ ترقیات اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر نادرا کے افسران نے ڈی جی کے ڈی اے کو لینڈ سے متعلق ٹرانسفر، موٹیشن اور دیگر اسٹیٹمنٹ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ ادارہ ترقیات کراچی میں لینڈ سے متعلق تمام تر معلومات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل جاری ہے اور اب کے ڈی اے سائلین کی ویری فکیشن نادرا کے ذریعے کی جائیں گی جس کا مقصد ادارے کو نئے اور جدید طریقوں سے ہم آہنگ کرنا اور ادارتی معاملات کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ جعل سازی کو روکنا ہے۔ اجلاس کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے نادرا کی جانب سے تجاویز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی، ممبر فنانس کے ڈی اے محمد کاشف خان کی سربراہی میں کمیٹی مختلف تجاویز پیش کرے گی، مثبت تجاویز کی روشنی میں سائلین کی لینڈ ،آئی ٹی اور ریکوری سے متعلق تمام تر معلومات نادرا سے حاصل کی جاسکے گی۔ ڈی جی کے ڈی اے سید محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بحیثیت خود مختار ادارہ درست سمت کی جانب گامزن ہے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے لازم ہے کہ عملی اقدامات کئے جائیں۔
کے ڈی اے لینڈ سے متعلق ویری فکیشن نادرا کے ذریعے کیا جاسکے گا
Jan 24, 2023