پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد ایجنڈے کے مطابق الیکشن کے نتائج حاصل کرنا ہے، پنجاب میں ایک متنازع شخصیت کو نگران وزیر اعلیٰ لگایا گیا، یہ سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے اور ہم اس سے غافل نہیں ہیں۔اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا اسمبلی میں واپس جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، یہ ایک ایسا قائد حزب اختلاف چاہتے ہیں جو ان کے انگوٹھے کے نیچے ہو، ان کا مقصد اپنے ایجنڈے کے مطابق الیکشن کے نتائج حاصل کرنا ہے، پنجاب میں بھی یہی ہو رہا ہے اور ان کا مرکز میں بھی ایسا ہی کرنے کا ارادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا میں ایک شفاف الیکشن چاہتے تھے، اپوزیشن نے نامناسب نام تجویز کیا، ابھی فیصلے کی سیاہی سوکھتی نہیں اور الیکشن کمیشن سے نوٹیفکیشن جاری ہو جاتا ہے، ان کی الیکشن کروانے کی نیت نہیں، یہ سو جتن کریں گے، سو بہانے تلاش کریں گے الیکشن نہ کروانے کے۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے تحلیل کے ساتھ تاریخ بھی دی جانی چاہیے تھی، نہ پنجاب میں تاریخ دی گئی نہ خیبر پختونخوا میں تاریخ دی گئی، ہم اس کو قانونی طور پر چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔