لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور میں اپنے انتخابی حلقے این اے 130 میں ریلی نکالی جبکہ بیٹی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کی ریلی ٹیکسالی چوک سے شروع ہوئی۔ پی پی 174 سے امیدوار بلال یاسین اور کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ نواز شریف اور مریم نواز موہنی روڈ اور دیگر مقامات پر گاڑی سے باہر نکل کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔ ریلی بیکری چوک، آرائیں بلڈنگ اور رحمان روڈ سے ہوتی ہوئی کریم پارک پہنچی تو وہاں بھی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو والہانہ انداز میں ان کے گاڑی کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ کارکنوں نے نوٹ بھی نچھاور کئے۔ بلال گنج چوک پہنچنے پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ امین پارک، قصور پورہ چوک اور دیگر علاقوں میں کارکن نواز شریف کی گاڑی کے ساتھ چلتے رہے۔ قصورپورہ میں کسی کارکن نے مریم نواز اور نواز شریف کو نمک پارے اور سموسے پیش کئے۔ نواز شریف کی ریلی کچہری چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔ جس کے بعد وہ جاتی امراء روانہ ہو گئے۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور کی ریلی میں شیر لانے کا نوٹس لیا اور اسے فوری واپس بھجوانے کی ہدایت کی۔ مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ بعض افراد نواز شریف کی لاہور میں موہنی روڈ پر ریلی میں زندہ شیر لے آئے تھے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے شیرکو فوری واپس بھجوانے کی ہدایت کی، جس پر شیر واپس بھجوا دیا گیا۔
نوازشریف، مریم کی این اے 130 میں ریلی، والہانہ استقبال، کارکنوں، عوام کی گلپاشی
Jan 24, 2024