جدہ‘ممبئی (امیر محمد خان سے+نوائے وقت رپورٹ) رام مندر ریلی کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے مسلمانوں کی دکانوں کو غیر قانونی تعمیرات کے نام پر مسمار کر دیا۔ ممبئی کی معروف شاہراہ میراں روڈ پر کل رام مندر کے افتتاح کے حوالے سے ریلی نکالی گئی تھی جس میں ہندوتوا کے پرچاریوں نے مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور ڈنڈوں، راڈوں، سلاخوں کا آزادانہ استعمال ہوا تھا۔ ممبئی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے 13 افراد کی شناخت کر کے انھیں گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا آج اْسی میراں روڈ پر ممبئی پولیس نے بلڈورز سے دکانوں کو مسمار کر دیا جو کہ مسلمانوں کی ملکیت بتائی جاتی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دکانیں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تھیں۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے بھارت میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر اور افتتاح پر اظہار تشویش کیا ہے۔ او آئی سی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ اسلامی تشخص مٹانے والے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔
رام مندر ریلی، بدمعاش ہندوؤں نے مسلمانوں کی دکانیں مسمار کر دیں: اقدامات قابل مذمت، او آئی سی
Jan 24, 2024