اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)نگران وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے ایودھیا میں شہید کی گئی پانچ صدیوں پرانی بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کا افتتاح کرنے پر آر ایس ایس سے متاثر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے مسلم دنیا سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت سے مسلم اور اسلامی تہذیب کے تمام نشانات مٹانے کے اقدامات پر بھارت کے خلاف سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کرے۔ منگل کو جاری ایک بیان میں معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں نے اپنے سخت ردعمل میں کہا کہ بدنام زمانہ مودی رام مندر کے افتتاح کو سیاسی چال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں کیونکہ اقلیت مخالف پالیسیوں ا و ریاستی کارروائیوں کی وجہ سے ان کی مقبولیت کے گراف میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں ہندو اور مسلمان صدیوں سے امن کے ساتھ رہتے آئے ہیں لیکن جب سے بدنام زمانہ مودی نے بھارت میں اقتدار پر قبضہ کیا ہے، مسلم کمیونٹی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 6 دسمبر 1992 کو ایک ہندو ہجوم نے ایودھیا میں 16ویں صدی کی بابری مسجد کو اس جھوٹے دعوے پر شہید کر دیا تھا کہ مسلمانوں نے اسے ایک قدیم مندر کی جگہ پر بنایا تھا۔ اس دن کو ہندوتوا کے حامیوں کی طرف سے فتح کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ مسلمانوں کے لیے یہ دہشت گردی کا دن ہے۔
مودی رام مندر کے افتتاح کو سیاسی چال کے طور پر استعمال کر رہا ، مشعال ملک
Jan 24, 2024