لاہور (نامہ نگار+نمائندگان+ ایجنسیاں) پنجاب میں نمونیا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ 24گھنٹوں کے دوران نمونیا سے مزید 12 بچے انتقال کر گئے جس کے بعد رواں سال صوبے میں نمونیا سے انتقال ہونے والے بچوں کی تعداد 194ہو گئی۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ لاہور میں 2بچے نمونیا کے باعث انتقال کر گئے۔ پنجاب میں 24گھنٹوں کے دوران نمونیا کے 491کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں 230بچوں میں نمونیا کی تصدیق ہوئی۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے۔ دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ مختلف ایئرپورٹس پر حد نگاہ کم ہونے کے باعث منگل کے روز بھی متعدد پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ جبکہ 4غیر ملکی پروازیں متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔ شارجہ سے اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 182اور جدہ سے پشاور کے لیے ای آر 852کو لاہور اتارا گیا جبکہ کویت سٹی اور شارجہ سے سیالکوٹ کی پروازیں پی کے 240اور 210بھی لاہور منتقل کردی گئیں۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے جدہ کی غیر ملکی ایئر لائن کی ایک پرواز منسوخ کر دی گئی جبکہ اسلام آباد سے کوئٹہ کی 4پروازیں پی کے 325، 326، ای آر 540اور 541اڑان نہ بھر سکیں۔ پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت کی پروازیں پی کے601، پی کے 602، اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 262اور دبئی کی پرواز پی کے 233 بھی روانہ نہ ہو سکی۔ اسلام آباد سے شارجہ کی پرواز پی کے 181، العین کی پرواز پی کے 143جبکہ کراچی سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 6369اور پی کے 370بھی منسوخ کر دی گئیں۔ لاہور سے کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کی 2پروازیں پی کے 322، 323، لاہور سے کراچی کے لیے پروازیں پی کے 6313، ای آر 520، 525، کراچی سے کوئٹہ کے لیے پروازیں پی کے 310، 311اور ملتان کی پروازیں پی کے 330، 331بھی اڑان نہ بھر سکیں۔ اسی طرح ملتان سے شارجہ کے لیے پی آئی اے کی دو پروازیں پی کے 293، 294، کراچی سے جدہ کے لیے ای آر 811 اور پشاور سے ابوظہبی کے لیے پرواز پی کے 217بھی روانہ نہ ہو سکی۔ دوسری جانب شدید دھند کی وجہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کراچی سے اسلام آباد آنے والی فلائی جناح کی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کر سکی، پرواز FJL-674 کے کپتان نے طیارے کو کئی بار لینڈ کرانے کی کوشش کی، پرواز میں 150سے زائد مسافر سوار تھے۔ دریں ا ثناء محکمہ موسمیات نے جنوری کے آخری ہفتے میں بارش کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں بادل برسیں گے۔ جبکہ مری اور گلیات میں برف باری کا امکان ہے۔ جنوری کے آخری دنوں اور فروری کے شروع میں بارش برسنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ آئندہ دو سے تین روز دھند کی شدت برقرار رہے گی۔ لاہورمیں کم از کم درجہ حرارت 4سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخوپورہ کے مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث 22دنوں میں نمونیہ سے 27بچے جاں بحق ہوئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال شیخوپورہ میں بھی 20سے زائد جن میں خواتین اور بوڑھے بھی شامل ہیں نمونیہ سے جاں بحق ہوئے۔ مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال شیخوپورہ میں اس وقت بھی نمونیہ کا شکار متعدد بچے بے یارو مددگار ہسپتال میں پڑے ہیں جبکہ بچہ وارڈ کے ڈاکٹر اسلام حنیف اور پیرا میڈیکل سٹاف ان کی مناسب دیکھ بھال بھی نہیں کر رہا۔مزنگ کے علاقے صفانوالا چوک کے قریب 60 سالہ شخص سردی کی شدت کے باعث جاں بحق ہوگیا ہے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی۔