لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر، این اے117 اور پی پی 149اور 209 سے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو حقیقی معنوں میں بحرانوں کا سامنا ہے، یہ کسی ایک سیاسی پارٹی یا شخص کا نہیں بلکہ ملکی سالمیت اور وطن عزیز کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ لہٰذا ہم سب کو مل کر پائیدار حل کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ این اے117میں دی گئی ذمہ داریاں پوری کریں گے، عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، شاہدرہ کے لوگ ان کے دل میں بستے ہیں جہاں ترقی اور خوشحالی میں جو تاخیر ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ این اے 117 شاہدرہ میں عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم رنگ پکڑ چکی ہے۔ منگل کے روز بھی انتخابی مہم کے دوران حلقہ میں مختلف مقامات پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ معروف کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیت میاں جنید ذوالفقار نے عبدالعلیم خان کو سونے کا تاج پہنایا۔ دوسری طرف انتخابی مہم میں شہریوں نے عبدالعلیم خان کو ان کا انتخابی نشان "عقاب" پیش کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب شاہدرہ کے عوام کے ساتھ میرا دل دھڑکتا ہے، ہم سب دکھ سکھ کے ساتھی ہیں اور حلقہ این اے 117کو اس قدر ترقی دینے کی کوشش کریں گے کہ لوگ اسے بھی لاہور شہر کا جدید علاقہ سمجھتے ہوئے یہاں رہائش پذیر ہونے کو ترجیح دیں۔ انتخابی مہم میں عبدالعلیم خان کے لئے شہریوں نے بکروں کے صدقے دیئے اور ان کی کامیابی اور درازی عمر کی دعائیں کیں۔ عبدالعلیم خان نے پی پی145سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیع اللہ خان کے ہمراہ این اے 117کے مختلف علاقوں مہر پورہ،25 نمبر سٹاپ، سوئی چوک، شوکت کالونی، بیگم کوٹ اور جی ٹی روڈ میں استقبالیہ کیمپوں میں موجود عوام سے خطاب کیا۔
ملک کو بحران کا سامنا‘ توقعات پر پورا اتریں گے: علیم خان
Jan 24, 2024