نوجوان 8 فروری کو کرپٹ نظام کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں: سراج الحق 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نوجوان 8فروری کو کرپٹ نظام کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں، یوتھ کے مقدر میں نہیں لکھا کہ وہ پڑھ لکھ کر بیرون ملک جائیں اور نوکریوں کے لیے دھکے کھائیں، ہزاروں پاکستانی ہر سال رزق کی تلاش میں نکلتے ہیں اور سمندروں میں ڈوب جاتے ہیں۔ بے روزگاری سابق حکومتوں کی جانب سے عوام کو دیا گیا تحفہ ہے۔ بھوک، غربت اور مہنگائی مسلط کرنے والوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ صرف جماعت اسلامی ہی امید کی کرن ہے۔ ان خیالات کا انھوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 6 دیرپائن میں مختلف انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، نفرتیں بڑھ چکی ہیں، سیاست میں شائستگی کی جگہ گالی گلوچ کے کلچر نے لے لی ہے۔ اس قوم کو متحدکرنے کی ضرورت ہے اور یہ فریضہ صرف جماعت اسلامی ادا کر سکتی ہے، جو کہ فرقہ واریت اور علاقائی تعصبات سے پاک واحد قومی جماعت ہے۔ ہم ملک میں دو قومی نظریہ کی آبیاری چاہتے ہیں، ہماری جدوجہد کا مقصد ملک میں اسلام کا نفاذ ہے۔ باقی کوئی پارٹی اسلامی نظام کی بات نہیں کرتی۔ 76سالوں سے ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی پارٹیوں نے کرپشن کر کے مال کمایا، بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور عوام کو یکسر نظرانداز کیا، یہ آج پھر باریوں کے طلب گار ہیں، منتخب ہو کر ووٹرز کے پاس نہیں آتے، مگر آج جھوٹے وعدے کر رہے ہیں۔ بجلی مفت دینے کے اعلان کیے جا رہے ہیں، قوم ان سے پوچھتی ہے کہ سابقہ ادوار میں آپ حکمران تھے، بجلی کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھا دیں۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اب کی بار ان کے دھوکے میں نہ آئیں، یہ سو سال بھی حکومت میں رہے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ہر پاکستانی مستقبل کے حوالے سے خوفزد ہے۔ دو وقت کی روٹی اور علاج کا حصول ناممکن ہوگیا ہے۔ غریب اپنے بچوں کو نہیں پڑھا سکتا، گرین پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں رہی، قومی کرنسی کا برا حال ہے، جماعت اسلامی ملک میں امن کے قیام اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، کرپٹ افراد کا بے لاگ احتساب ہو گا، جماعت اسلامی کے انقلابی منشور میں نوجوانوں، کسانوں، خواتین، مزدوروں اور اقلیتوں کی بہتری کو فوکس کیا گیا ہے۔ ہماری باصلاحیت ٹیم پاکستان کو ایک مضبوط اور مثالی ریاست بنائے گی۔

ای پیپر دی نیشن