اسلام آباد(خبرنگار)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ منبر و محراب کو وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور معاشرہ کی اصلاح کے لئے کردار ادا کرنا ہے، آج سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسلامی تعلیمات امن و سلامتی کا درس دیتی ہیں، مدرسہ عربیہ کے طلبا فتوی کو تسلیم کریں گے جو ان کے اکابرین نے دیا ہے جو کہ انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد اور خودکش حملوں کے خلاف ہے، پاکستانی فوج اور سلامتی کے اداروں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کی دفاعی اور فوجی صلاحیت پر پورے عالم اسلام کو فخر ہے،دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان کی دفاعی اور فوجی صلاحیت مضبوط ہے، ایران پاکستان کے حالیہ مسئلے پر پاکستان نے دنیا کو واضح کردیا ہے کہ ہم ایک پر امن قوم ہیں اور ہماری پالیسی امن کی پالیسی ہے۔ ایران کے ساتھ تعلقات بہتر ہوچکے ہیں ، ہم پڑوسی ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں ۔ وہ راولپنڈی کی جامع مسجد میں علما اور طلبا سے خطاب کررہے تھے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کی خاتمے اور حل کے لئے منبر و محراب کلیدی کردار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دین کے تابع ہے ، دین حرام حلال کی تمیز سکھاتا ہے، معاشرے کی اصلاح کے لئے عام آدمی کی نسبت محرا ب و منبر والوں کی زیادہ ذمہ داری ہے ۔ میڈیا کی طرح منبر و محراب بھی ایک طاقت ہے۔ ہمارے معاشرے میں ان کی زیادہ سنی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں نرمی لانا ہوگی جس طرح پیغمبروں نے منکر ین دین سے نرمی سے بات کی۔ معاشرے کی اصلاح کرنا ہوگی اور بغیر تحقیقات فیک نیوز پر یقین نہیں کرنا چاہئیے۔
سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ،طاہر اشرفی
Jan 24, 2024