وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام عالمی یوم تعلیم کے موقع پر تقریری مقابلے

Jan 24, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) رینجرز کیڈٹ کالج چکری نے ایک اور قومی اعزاز اپنے نام کر لیا، وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام عالمی یوم تعلیم کے موقع پر منعقدہ قومی سطح کے تقریری مقابلوں میں گیارہویں جماعت کے کیڈٹ عبدالرحمن نے ملک بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ تعلیم کی افادیت کو اجاگر کرنے کی غرض سے دنیا بھر میں عالمی یوم تعلیم 24 جنوری کو منایا جاتا ہے، اس سال اس دن کی مناسبت سے وفاقی تعلیمی بورڈ نے تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا جس کا موضوع "لرننگ فار لاسٹنگ پیس" رکھا گیا تھا۔ ان تقریری مقابلوں میں ملک بھر سے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے شرکت کی۔ رینجرز کیڈٹ کالج چکری کے کیڈٹ عبدالرحمن نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے اپنے ادارے کا نام روشن کیا۔ تمام کیڈٹس کے والدین نے رینجرز کیڈٹ کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر(ر) اصغر ندیم حسین، وائس پرنسپل میجر ریٹائرڈ نصیر احمد، ڈائریکٹر آف سٹڈیز زین اکرم، سینئر ہاﺅس ماسٹر ثناء اللہ اور دیگر فیکلٹی ممبران کو اس کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزیدخبریں