راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ کوڑا کرکٹ کوجلانا اخلاقی اور قانونی طور درست نہیں،گھر کا کچرا،پرانے ٹائرز،پلاسٹک کی اشیائ، فصلوں کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں،یہ سب جلنے کے بعد پیدا ہونیوالا دھواں دھند کے ساتھ مل کر سموگ بنتا ہے،اپنی صحت اور شہر کے صاف ماحول کیلئے صفائی کو اپنا شعار بنائیں،کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں،سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ سموگ کا خاتمہ صفائی کے ذریعے کرنے کیلئے ہم پرعزم ہیں لیکن اس میں شہریوں کا تعاون ہمارے لئے مددگار ثابت ہو گا،کوڑا کرکٹ کوکوڑادن تک پہنچائیں،اسے ہرگز آگ مت لگائیں،صفائی کرتے وقت پانی کا چھڑکا کریں تاکہ گردو غبار پیدا نہ ہو ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راجہ بازار کے دورے کے موقع پریو سی مانیٹرنگ کمیٹیوں کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،کمشنر نے یو سی مانیٹرنگ کمیٹیوں کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے علاقے میں صفائی و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے سموگ کی روک تھام کیلئے جاری ہدایات پر عملدرآمد ہر شہری کیلئے لازم ہے،سب صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں
،خود بھی سموگ کے خاتمے کیلئے تمام ضروری ہدایات پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ہدایت کریں ہم سب نے مل کر اس شہر کو صاف اور سموگ فری بنانا ہے،بعد ازاں سی ای او رانا ساجد صفدر نے یوسی ایک رتہ امرال کا دورہ کر کے صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا،اس موقع پر سینئر مینیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال اور مینیجر آپریشنز عامر یونس نائیک اور دیگر آپریشنز سٹاف بھی انکے ہمراہ تھا۔