جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد سولہ ہوگئی۔

Jul 24, 2010 | 16:49

سفیر یاؤ جنگ
پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق افغان سرحد کے قریب واقع انگور اڈہ میں رات گئے امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر پانچ میزائل فائرکیے ۔ جس کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک ہوگئے ۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد مقامی طالبان ہیں اور ان میں سے بارہ کی لاشیں وانا پہنچا دی گئی ہیں جبکہ چارکی لاشیں ملبے کے نیچے پڑی ہیں ۔ ہلاک ہونیوالوں میں سے دو افراد کی شناخت گل ولی اور سودلے کے نام سے ہوئی ہے اوران کا تعلق ملا نذیرگروپ سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ گھر مقامی طالبان کمانڈر حلیم اللہ کا ٹھکانہ تھا ۔ جنوبی وزیرستان میں اس سے قبل انتیس مئی کو بھی ایک ڈرون حملہ کیا گیا جس میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ قبائلی علاقوں میں جنوری دو ہزار نو سے جون دو ہزار دس تک ہونے والے امریکی ڈرون حملوں میں ماضی کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہوا ہے ۔ ان میں بیشتر حملے جنوبی اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں کئے گئے ہیں ۔
مزیدخبریں