آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی ، میاں نوازشریف نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

راجہ فاروق حیدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے رہنما صدیق الفاروق کے ساتھ نیوزکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے صدر سردار عتیق احمد خان نےجماعت کو اعتماد میں لیے بغیر ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس وقت پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس بلایا جائے اور اس میں جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قبول کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھاگنے والوں میں سے نہیں، انہیں ارکان اسمبلی میں اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ مختلف سوالات کے جواب میں راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں کسی رشتہ دار کو نہیں نوازا اوراگرکوئی ثابت کردے تو انہیں بے شک چوراہے میں الٹا لٹکا دیا جائے ۔ نیوز کانفرنس کے دوران راجہ فاروق حید کو مسلم لیگ نون کے سربراہ محمد نواز شریف کا فون بھی آیا ۔ اس موقع پر صدیق الفاروق نے کہا کہ ان کی جماعت کا مسلم کانفرنس کی تقسیم میں کوئی کردار نہیں اور وہ اسے کو متحد  دیکھنا چاہتے ہیں ۔ دوسری جانب  تحریک اعتماد پیش ہونے کے بعد جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، سردارعتیق گروپ نے اپنی اکثریت کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انچاس رکنی کے ایوان میں انہں چونتیس ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ راجہ فاروق حیدر کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے کشمیرکازکو شدید نقصان پہنچے گا اور انتیس، تیس جولائی کو واشنگٹن میں ہونے والی انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔ اس کانفرنس میں آزاد جموں و کشمیر اورمقبوضہ کشمیر کی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن