نيپرا نے فيصل آباد اليکٹرک سپلائی کمپنی کے ٹيرف ميں پینتالیس پيسے سے ایک روپے فی يونٹ تک اضافے کی منظوری دے دی ۔

نيپرا کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹيفکيشن کے مطابق فيسکو کے ٹيرف ميں اضافے کی منظوری سہ ماہی بنياد پر اپريل تا جون کیلئے دی گئی ہے جسے آنے والے مہینوں کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ تین سو ایک تا سات سو يونٹ استعمال کرنے والے گھريلو صارفين کیلئے پچاس پيسے اورسات سو سے زائد يونٹ کیلئے پینتالیس پيسے فی يونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے ۔ کمرشل صارفين کے ٹيرف ميں پچانوے پيسے، رہائشی کالونيوں میں پبلک لائٹنگ کیلئے ایک روپے فی يونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ نيپرا کے نوٹیفيکشن کے مطابق ایک تا سو يونٹ کیلئے تیس پيسے اور ایک سو ایک تا تین سو يونٹ کیلئے پچیس پيسے فی يونٹ کمی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ٹيرف ميں اضافے سے متعلق اعتراضات فيسکو کی درخواست سے مطابقت نہ رکھنے کی بناء پر نظر انداز کردیئے گئے۔ نيپرا نے فيسکو کے ٹيرف کی سمری وزارت پانی وبجلی کو ارسال کر دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن