3 لاپتہ ایرانی کوہ پیماﺅں کی موت کی تصدیق ‘4 ہسپانوی بھی لاپتہ

Jul 24, 2013

گلگت/ سکردو (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) پاکستان کے قراقرم سلسلے کی چوٹی گشربروم ون سکردو کی چوٹی سر کرنے کیلئے جانے والے 5 ہسپانوی کوہ پیماﺅں میں سے 4 لاپتہ ہو گئے۔ ادھر 16 جولائی کو لاپتہ ہونے والے تین ایرانی کوہ پیماﺅں کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ سپینش ٹیم 26 جون کو سکردو سے گشربروم ون چوٹی سر کرنے روانہ ہوئی تھی۔ الپائن کلب آف پاکستان کے صدر منظور حسین نے بتایا کہ ہسپانوی کوہ پیما اتوار کے روز 8068 میٹر بلند چوٹی پر لاپتہ ہو گئے تھے۔ کمیونی کیشن کے مسائل کی بنا پر ہمیں ان کی گمشدگی کا علم آج ہوا۔ لیڈر پیک مہم جوئی سے تعلق رکھنے والے انور علی نے بتایا کہ تین کوہ پیما اب تک لاپتہ ہیں۔ ان کی تلاش کیلئے ہیلی کاپٹر منگوایا گیا مگر موسم کی خرابی کے باعث اس کا انتظام نہ ہو سکا، کوہ پیماﺅں کے ریسکیو آپریشن میں آج بدھ کے روز بھی ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے امکانات کم ہیں۔ دوسری طرف 8051 میٹر بلند بروڈ چوٹی پر لاپتہ ہونے والے 3 ایران کوہ پیماﺅں کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔ تصدیق ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان عطاءالرحمن، جرمن ریسکیو کوہ پیما تھامس نے پریس کانفرنس میں کی۔ جرمن ریسکیو ماہر تھامن نے کہا کہ ایرانی کوہ پیماﺅں کو لاپتہ ہوئے 6 روز ہو چکے ہیں، اتنی بلندی تک انسان کا 3 سے 4 روز تک زندہ رہنا ممکن نہیں۔ ہوم سیکرٹری عطاءالرحمن نے کہا ہے کہ غیرملکی سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایرانی سفارتکار نے کہا ہے کہ براڈپیک کی مہم جوئی کیلئے پہلے سے زیادہ کوہ پیما آئیں گے۔

مزیدخبریں