گول کیپر سلمان اکبر کو کیمپ میں شامل کرنے کیلئے ہاکی ٹیم مینجمنٹ کی درخواست‘ فیصلہ آج ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ میں شکست کا خوف پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے سابق گول کیپر سلمان اکبر کی خدمات کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو درخواست دیدی ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گول کیپر کی کیمپ میں شمولیت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لئے اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق گول کیپر سلمان اکبر کو ایشیا کپ کے لئے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں بلایا جائے تاہم ان کی حتمی سکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ ان کی فارم اور فٹنس کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا۔ اختر رسول کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ ہماری پہلی ترجیح ہے جس میں کامیابی کی صورت میں ہی پاکستان ٹیم 2014ءکے اپنے ہدف کے لئے پیش قدمی کر سکے گی۔ اختر رسول کا کہنا تھا کہ پہلے ایک دو سال سے پاکستان ہاکی ٹیم کا گول کیپنگ کا شعبہ مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر ٹیم مینجمنٹ کو سابق گول کیپر کو طلب کرنا پڑ گیا ہے تاہم ٹیم میں شمولیت صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہی ہو سکے گی۔ ایک سوال کے جواب میں اختر رسول کا کہنا تھا کہ ہم نے قران پر حلف دیا ہے کہ ٹیم کی تیاری میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ٹیم کے کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ذہینی مضبوطی پر خاص توجہ دی جائے گی تاکہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے انڈر پریشر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کا ہاف لائن کا شعبہ بہت کمزور ہے جس پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ رانا غضنفر اور عدنان ذاکر نے ملکر پاکستان ٹیم کا ٹریننگ کیمپ شیڈول کیا ہے۔ گول کیپنگ کے شعبہ پر بات کرتے ہوئے طاہر زمان نے کہا کہ ہمارے گول کیپر میں بہت ساری خامیاں بھی ہیں جن کو دور کیا جائے گا کیمپ میں ٹائم کم ہے جس میں زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...