لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ کی تیاریوں کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں لگنے والا تربیتی کیمپ منگل کے روز بھی جاری رہا۔ کیمپ کے تیسرے روز کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کوچ طاہر زمان کی زیر نگرانی تین مختلف سیشن میں ٹریننگ کی ۔ کیمپ میں صبح کے وقت فزیکل اور گول کیپنگ کی ٹریننگ کی گئی، پھر جم میں پاور ٹریننگ اور بعد میں ہاکی کی پریکٹس کی گئی ۔کیمپ میں پنلٹی کارنر، ڈیفنس، اٹیکنگ، گول کیپنگ گول مسنگ وغیر ہ پر زیادہ زور دیا جارہا ہے ۔کیمپ میں شریک کھلاڑی روزہ ہونے کے باجود بڑی دلجمعی سے ٹریننگ کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم کے لئے ایشیا کپ جیت کر ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کا آخری چانس ہے اور اسے کسی صورت میں ضائع نہیں کرنا چاہتے۔ اختر رسول اور طاہر زمان کی کوچنگ بہترین ہے اور ان کے تجربے سے پورا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔