سینٹ لوشیا (نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں میچ آج کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت ڈیرن براوو کرینگے۔ کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ غلطیوں کی گنجائش نہیں پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترینگے ¾ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں¾ پانچواں میچ جیت کر سیریز جیتیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنا ہدف ہے، آخری ایک روزہ میں تبدیلیوں کافیصلہ کنڈیشنز دیکھ کرکریں گے۔ پاکستانی کوچ نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، اگر ضرورت محسوس کی گئی تو آخری ون ڈے کیلئے تبدیلیوں کا فیصلہ کنڈیشنز دیکھ کرکیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے، امید آخری میچ بھی جیت جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈیوواٹمور نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں عدم تسلسل بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ بیٹنگ اور فیلڈنگ ہے۔ آخری ون ڈے میچ آج سینٹ لوشیا میں کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے 126 رنز کامیابی حاصل کی، دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے عمدہ کم بیک کیا اور 37 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز برابر کی دی۔ سینٹ لوشیا میں کھیلا گیا سیریز کا تیسرا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا جبکہ چوتھے میچ میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے ایک بار پھر برتری حاصل کر لی۔ میزبان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے آخری جیتنا ضروری ہوگا جبکہ پاکستان ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کے لئے آخری میچ کم از کم برابر کھیلنا ہوگا۔ اس اعتبار سے توقع کی جا رہی ہے کہ آخری ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار ہوگا۔