کراچی(کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں منگل کو دوبارہ فائرنگ اورلاشیں ملنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں 7 افراد ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سپر ہائی وے پر اسلحہ سے بھرا ٹرک پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صبح چاکیواڑہ کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں بس سٹاپ کے نزدیک سے 25 سالہ نوجوان کی ہاتھ پاﺅں بندھی بوری بند نعش ملی جسے سرپرگولی مار کرہلاک کیا گیا تھا مگر اسکی شناخت نہ ہوسکی تھی ادھر بلدیہ ٹاﺅن نمبرتین پرانا حبیب بینک کے نزدیک سے بھی 18سالہ نوجوان کی نعش ملی جسے تشدد اوربجلی کے تار سے گلے میں پھندا لگا کر ہلاک کیا گیا۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر کے علاقے صفورا میں رم جھم ٹاور کے نزدیک موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے 30سالہ خادم حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا مقتول کیبل کا کام کرتا تھا۔ سعید آباد کے علاقے میں جنگل اسکول کے نزدیک بھی نامعلوم افراد نے ایک نوجوان 25سالہ عبدالغنی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا وہ کچرا چننے کا کام کرتا تھا دریں اثناء ناظم آباد میں انٹربورڈ آفس کے نزدیک موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے سٹی وارڈن محمد اشرف اورراہگیر عورت اوربچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے عیسیٰ نگری میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 17سالہ شکیل ولد شاہ محمد زخمی ہوگیا گلستان جوہر میں 32سالہ ندیم کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا گارڈن کے علاقے میں غفوری مسجد کے نزدیک مسلح افراد نے ایک شخص 38سالہ شفیق ولد ریاض کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا جبکہ بھینس کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 32سالہ قائم الدین ولد مظہر علی زخمی ہوگیا۔ قائد عوام کالونی میں بے اولاد خاتون 45 سالہ قدرت بی بی کو ٹیلی فون کے تار سے گلہ گھونٹ کر قتل کردیا گیا علاوہ ازیں حساس ادارے اور پولیس نے سپر ہائی وے پر اسلحہ سے بھرا ٹرک پکڑ کر دو افراد کو حراست میں لے لیا اسلحہ گولہ بارود ٹرک کے خفیہ خانوں میں بھی چھپایا گیا تھا اور یہ اسحلہ جو خیبر پی کے سے لایا گیا تھا کراچی میں یوم علی پر تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔
کراچی میں ایک دن وقفہ کے بعد پھر قتل و غارت، 7 ہلاک، اسلحہ سے بھرا ٹرک پکڑا گیا
Jul 24, 2013