لاہور+ گوجرانوالہ (خبرنگار+ نمائندگان) ایف آئی اے لاہور نے بجلی چوروں کیخلاف مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف آئی اے کو بجلی چوروں کے خلاف مہم چلانے کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے سونپی تھی اور ایف آئی اے میں انسداد بجلی چوری سیل قائم کیا تھا۔ گزشتہ روز ڈائریکٹر لاہور کے احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس کی سربراہ میں سب انسپکٹر خضر حسین، محمد علی سید اور فیاض حسین شاہ نے کثیر المنزلہ سیوائے ہوٹل گلبرگ پر چھاپہ مارا تو ڈیجیٹل میٹر کے ساتھ میگنیٹک چپ لگا کر میٹر کو سلو ڈاﺅن کر کے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ہوٹل انتظامیہ اب تک کروڑوں کی بجلی چوری کر چکی ہے۔ ایف آئی اے کرائمز سرکل نے ہوٹل کے مالک احمد شجاع لک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ہوٹل کے منیجر کرنل (ر) ارشد کو ایف آئی اے حکام مزید پوچھ گچھ کیلئے اپنے ساتھ لے گئے۔ گوجرانوالہ میں سپیشل ٹاسک فورس کا نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی پر چھاپہ، کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑی گئی، ملزمان آفس کو تالے لگا کر فرار ہو گئے۔ اے سی سٹی سید صلاح الدین نے سوئی گیس حکام کے ہمراہ محلہ نوشہرہ سانسی میں واقع نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی پر چھاپہ مارکر ڈائریکٹ لائن سے ڈیڑھ سو سے زائد گھروں کو چوری کی گیس سپلائی پکڑ کر زیرزمین بچھایا جانے والا سینکڑوں فٹ پائپ قبضے میں لے لیا ہے۔ چھاپہ مار ٹیم کے مطابق ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالکان گزشتہ کئی ماہ سے گیس کی چوری میں ملوث تھے جو مکینوں کو گیس کی فراہمی کا وعدہ پورا کرنے کیلئے ناقص پائپ زیرزمین چھپا کر نوشہرہ سانسی رو ڈ کی مین لائن سے ڈائریکٹ سپلائی حاصل کر کے محکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے نے جنڈیالہ باغ والا میں کارروائی کر کے بجلی چوری کے الزام میں سی این جی سٹیشن کے منیجر اور مالک کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ سی این جی سٹیشن کے مالکان کئی ماہ سے بجلی چوری کر رہے تھے۔ فیصل آباد سمیت دیگر کئی شہروں میں بھی بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری رہا۔ واپڈا ٹیموں نے مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر متعدد بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ فیصل آباد میں 9 گھروں اور گارمنٹس شاپ پر چھاپہ مار کر مقدمات درج کر لئے گئے جبکہ انکے میٹر اتار لئے گئے ہیں اور بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق کوتوالی پولیس نے بجلی چوری کرنے والے جیولر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ محکمہ سوئی گیس نے گیس چوری کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اگوکی پولیس کے مطابق ہرڑ میں ہمایوں اور محمد امین گیس چوری کر رہے تھے کہ محکمہ کے عملے نے چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔کلورکوٹ میں بھی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بجلی چوروںکے خلاف الیکٹرک سٹی ایکٹ39Aکے تحت ایف آئی آرز درج کر لی گئیں۔ ایس ڈی او واپڈا کلور کوٹ شاہد عظیم نے موقع پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواستیں دیں۔ انہوں نے کہا بجلی چوروں کے خلاف حکومتی ہدایات کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ مقدمات کا اندراج بھی ہو گا اور محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ساہیوال، ساہوکا، پاکپتن، ہڑپہ اور بصیر پور میں واپڈا ٹیموں نے متعدد بجلی چور پکڑ لئے۔ سمندری میں بھی 13 بجلی چور پکڑے گئے۔ تاندلیانوالہ میں دو افراد کو ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرتے گرفتار کر لیا گیا۔ کھڈیاں خاص میں برف کے کارخانے پر چھاپے کے دوران ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی اور مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔ حافظ آباد میں سابق تحصیل ناظم رائے جہانگیر کھرل کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔