کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ کے علاقے موتی رام روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ سریاب روڈ پر فائرنگ سے بھی ایک شخص مارا گیا۔ بولان کے علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے کیسکو اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ بولان کے علاقے ڈھاڈر میں 2 موٹر سائیکل سواروں نے آئل ٹینکر پر فائرنگ کی، پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ لیویز کے مطابق منگل کو بولان کے علاقے بی بی نانی کے مقام پر 18 جولائی کو نامعلوم افراد کی جانب سے دھماکوں سے اڑائے جانے والے ٹاوروں کی مرمت کیلئے جانیوالا کیسکو کا اہلکار اسلم مسیح نامعلوم افراد کی جانب سے زیرزمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹنے سے وہ شدید زخمی ہوگیا، کوئٹہ ریفر کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی چل بسا۔ علاوہ ازیں منگل کی دوپہرکو کوئٹہ سے کراچی جانیوالے خالی آئل ٹینکر پر ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں دو موٹر سائیکل سواروں نے پہلے فائرنگ کردی جس کے بعد پٹرول ڈال کر آگ لگا دی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ادھر کوئٹہ میں پولیس نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق منگل کو نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے علاقے چاندنی چوک پر تخریب کاری کی غرص سے سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم نصب کر ر کھا تھا کہ پولیس نے بروقت اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل کے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر بم ناکارہ بناکر قبضے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق بم 4سے 5کلو گرام وزنی تھا اگر خدانخواستہ پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پرجانی و مالی نقصان کا خدشہ تھا۔ ادھر رکھنی بارکھان میں ایف سی نے چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 140بارودی سرنگیں، 5رائفلیں، گولیوں کے ہزاروں راﺅنڈز اور درجنوں دستی بم برآمد کیا گیا۔
کوئٹہ: فائرنگ سے 3افراد جاں بحق، بولان میں بارودی سرنگ دھماکہ، کیسکو اہلکار مارا گیا
Jul 24, 2013