لاہور (آئی این پی/ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی آبی جارحیت کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ہے اور بھارت نے دریائے چناب پر بجلی بنانے اور پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بگلیہار ڈیم سے پانچ گنا بڑا پاکل دل ڈیم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اگست کے پہلے ہفتے میں ترقیاتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا جبکہ یہ ڈیم چار برسوں میں مکمل ہو گا‘ پاکستانی دریائے چناب میں پانی دس فیصد مزید کم ہو جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پاکستانی دریاﺅں پر ڈیم بنانے کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں دریائے چناب پر ایک اور ڈیم بنانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس سلسلے میں تین اگست کو مذکورہ ڈیم پر تعمیری کام شروع کرنے کے حوالے سے ٹینڈر کھولا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکل دل نامی ڈیم میں ایک لاکھ فٹ پانی ذخیرہ ہو سکے گا اور اس کیلئے بھارت غیر ملکی اداروں سے بھی امداد حاصل کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت پاکستان انڈس واٹر کمشنر سارے معاملے پر مکمل خاموش ہیں جس کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ بھارت مذکورہ ڈیم اگست کے مہینے میں باقاعدہ طور پر شروع کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انڈس کمشنر روایتی بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی منصوبہ پر اعتراض داخل نہیں کرایا۔ مقبوضہ کشمیر میں پاکل ڈیم بنانے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے۔ کنکریٹ فلڈ ڈیم میں ایک لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہو سکے گا۔ بھارتی ڈیم 4 سال میں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر تعمیر ہو گا۔ پاکل دل ڈیم کی تعمیر سے دریائے چناب کا بہاﺅ شدید متاثر ہو گا۔
بھارت نے دریائے چناب پر بگلیہار سے 5 گنا بڑا ڈیم بنانے کا اعلان کردیا
Jul 24, 2013