نیو اسلام آباد ائرپورٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف

Jul 24, 2013

اسلام آباد (اے پی اے) قومی احتساب بیورو نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی سمیت نیو اسلام آباد ائرپورٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹروں کو 24 جولائی کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق نیو اسلام آباد ائرپورٹ 37 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ 17 اپریل 2007ءکو شروع کیا گیا تھا جسے تیس ماہ میں مکمل ہونا تھا۔ نیو اسلام آباد ائرپورٹ کی تعمیراتی منصوبہ 80 ارب سے زائد تجاوز کرگیا۔ چھ سال گزرنے کے باوجود بھی منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ نیب نے پہلے مرحلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نیواسلام آباد ائرپورٹ کے ڈائریکٹروں کو طلب کیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں سابقہ ڈی جی، ڈپٹی ڈی جی کو بھی طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر 2012ءمیں وزارت دفاع نے ممبر پلاننگ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شاہد نواز سے نیو اسلام آباد ائرپورٹ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ شاہد نواز نے اپنی تحقیقات میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کی نشاندہی کی ہے اور اپنی رپورٹ وزارت دفاع میں جمع کرائی تھی۔ وزارت دفاع نے نیو اسلام آباد ائرپورٹ کی تحقیقاتی رپورٹ قومی احتساب بیورو کو تحقیقات کیلئے ان کے سپرد کردی تھی۔

مزیدخبریں