اسلام آباد (عترت جعفری) بھارت سے ڈمپر درآمد کرنے کی اجازت دینے کی تیاری کی جا رہی ہے اور ڈمپر کو بھارت سے تجارت کی منفی فہرست سے نکال دیا جائیگا۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی حکومت بھارت سے تجارت کو وسعت دینے کی جانب پیشرفت کررہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلہ میں کیس ایک نجی سیمنٹ سازکمپنی کی ایماء پر تیار کیا گیا ہے جس نے اس بنیاد پر بھارت سے ڈمپر (ڈمپ ٹرک) منگوانے کی اجازت مانگی ہے کہ یہ نہ تو ملک میں تیار ہوتے ہیں بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں تیار ہونے والے ڈمپر کے مقابلہ میں بھارت میں تیار کردہ ڈمپر سستے ہیں۔ انہیں ڈمپر منگوانے کی اجازت دی جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت سے ڈمپر کی درآمدکو تجارت کی منفی فہرست میں ڈالا گیا ہے۔ تاہم اب انجینئرنگ ترقیاتی بورڈ اور وزارت صنعت کی ایماءپر اسے بھارت کی تجارت کی منفی فہرست سے نکالنے کےلئے پورا کیس تیار کر لیا گیا ہے۔
بھارت سے ڈمپر درآمد کی اجازت دینے کی تیاریاں کیس ایک نجی سیمنٹ کمپنی کی ایما پر تیار کیا گیا ہے : ذرائع
Jul 24, 2013