کلنٹن، مونیکا لیونسکی کی گفتگو، اسرائیلی، روسی برطانوی خفیہ اداروں نے ریکارڈ کی تھی : برطانوی اخبار

Jul 24, 2014

لندن (اے پی پی) اسرائیلی ، روسی اور برطانوی خفیہ اداروں نے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی مونیکا لیونسکی کے ساتھ فون پر ہونے والی گفتگو کو ریکارڈ کیا تھا اور اسرائیلی وزیراعظم نے اس گفتگوکو بل کلنٹن کو بلیک میل کرنے کیلئے استعمال کیا تھا۔ اس بات کا انکشاف برطانوی مصنف ڈینیئل ہالپر نے اپنی کتاب’’ کلنٹن ان کارپوریشن‘‘ میں کیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر بل کلنٹن کو مونیکا لیونسکی سے فون پرکی گئی گفتگو غیرملکی خفیہ اداروں کی طرف سے ریکارڈ کرنے کا علم ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے مونیکا لیونسکی کو ہدایت کی تھی کہ اس بارے میں کسی کے سوال کرنے پر وہ یہ جواب دیں کہ یہ سب مذاق تھا۔ مزید برآں امریکی صدر نے برطانوی خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے ان کی مونیکا لیونسکی کے ساتھ گفتگوسننے پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔ مصنف ہالپر کے مطابق اپنی کتاب کیلئے انہوں نے مونیکا لیونسکی کے وکلاء کی تیار کردہ سینکڑوں دستاویزات حاصل کی ہیں جن سے معلوم ہوا ہے کہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن جن خواتین کے ساتھ قریبی تعلقات کے خواہاں تھے ان کی فہرست میں برطانوی اداکارہ الزبتھ ہرلے بھی شامل تھیں۔ کتاب کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیا مین نیتن یاہو نے مذکورہ فحش گفتگو کو امریکہ میں قید اسرائیلی جاسوس جوناتھن پولارڈ کی رہائی کیلئے بل کلنٹن کو بلیک میل کرنے کیلئے استعمال کیا تھا۔

مزیدخبریں