واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) پاکستان نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے پُرعزم ہے جیسا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے گزشتہ روز امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز سے ملاقات کی اور پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ طارق فاطمی نے حکومت کے اس عزم کو دوہرایا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ چاہتا ہے چاہے یہ کسی بھی شکل میں ہو اور اس حوالے سے پاکستان کا مئوقف واضح ہے۔ آئی این پی کے مطابق ملاقات میں طارق فاطمی نے نائب امریکی وزیر خارجہ کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے حکومتی عزم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے افغانستان اور بھارت سمیت تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ نائب وزیر خارجہ ولیم برنز نے خطے میں پاکستان کے مستحکم کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم کے بالخصوص توانائی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خصوصی حوالے سے اقتصادی ترقی کے منصوبے کے لئے امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ وزیر اعظم کے امن اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کے لئے خوشحالی لانے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس بھی موجود تھے جبکہ ولیم برنز کی معاونت ڈین فیلڈ مین نے کی۔ طارق فاطمی نے توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد پر امریکی نائب وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔