اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) مسلم لیگ ن نے انکوائری کمشن کی رپورٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن منایا اور کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ 2013 ء کے انتخابات کے بارے میں جوڈیشل کمشن کا فیصلہ پاکستان کی سیاسی و جمہوری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں تینوں سوالات کا واضح طور پر جواب مسلم لیگ (ن) کے مؤقف میں دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عوام کو معلوم ہے کہ 2013ء کے انتخابات شفاف تھے، جمہوری نظام کے خلاف سازش ناکام ہوگئی، دھرنا دینے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔ وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ سب کو چاہئے کہ کھلے دل سے رپورٹ تسلیم کریں، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور جھوٹی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی جانی چاہئے، نئے پاکستان کا مطلب ہے کہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کو من وعن تسلیم کر لیا جائے۔ عمران خان آئین اور قانون کو ہی نہیں مانتے۔ ہم نہیں چاہتے کہ ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کی سیاست کی جائے۔ طلال چودھری نے کہا ہے کہ یہ جیت مسلم لیگ (ن) کی نہیں پاکستان کی ہے، ادارے مضبوط ہونے سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔ رپورٹ سے معاملہ صاف ہوگیا ہے، پہلے لوگوں کو جھوٹی کہانیاں سنائی گئیں، اب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا ہے، مسلم لیگ (ن) کو تقویت ملی ہے۔ عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا‘ ثابت ہو گیا عمران خان کی پالیسی ملکی ترقی کے خلاف تھی‘منظم دھاندلی کا الزام لگاکر پاکستان کو بدنام کیا گیا، عمران اب قوم کو جواب دیں۔ شاہد حامد نے بھی انکوائری کمشن کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کا کلچرل ونگ پنجاب کی نائب صدر مسز ملک کی قیادت میں خواتین کارکنوں نے لالک چوک پر مٹھائی تقسیم کی۔ خواتین کارکنوں کے علاہ وہاں جمع ہونے والے افراد نے بھی وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں نے اسمبلی ہال چوک میں مٹھائی تقسیم کی۔ لیبر ونگ لاہور کے صدر چودھری شہزاد انور کی قیادت میں مزدوروں نے مزنگ چونگی میں جوڈیش کمشن کی رپورٹ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔ مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کارکنوں کے ساتھ داتا دربار پر حاضری دی اور وہاں مسجد میں نماز شکرانہ ادا کی۔ پاکستان خوشحال بنائو تحریک کے چیئرمین حماد اشرف جٹ کی قیادت میں کارکنوں نے جوڈیشل کمشن کی رپورٹ آنے پر جشن منایا۔ کارکنوں نے مال روڈ پر بھنگڑے ڈالے اور جمہوریت زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ یہ ہماری نہیں عوام کی فتح ہے، ہمارا ذہن پہلے ہی صاف تھا کہ ہم دھاندلی میں ملوث نہیں، انتخابی اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کریں گے، نگران سیٹ اپ کے حوالے سے تبدیلی لائیں گے۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر لانے کیلئے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔
دھرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی، مسلم لیگ ن: کارکنوں کا جشن، بھنگڑے، مٹھائیاں تقسیم
Jul 24, 2015