پشاور (آن لائن) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کی بیخ کنی کیلئے قومی احتساب بیورو پرعزم ہے، کرپٹ عناصرسے ملک کو پاک کرنے کیلئے بلاامتیاز اور قانون کے مطابق احتساب کو یقینی بنایا جائے۔ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو خیبر پی کے کے دورے کے موقع پر نیب افسروں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کرپشن سے ملک کی ترقی پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس کی وجہ سے ناانصافی، غربت اور دوسری سماجی برائیاںجنم لیتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ معاشرے کو اس ناسُور سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے شکایات اب زیادہ موصول ہو رہی ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام قومی احتساب بیورو پر اعتماد کرتے ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیب، خیبر پی کے شہزاد سلیم نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اب تک نیب خیبر پی کے نے 371 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کئے، 607 افراد کوگرفتار اور کل 2945 ملین روپے ریکورکئے گئے۔