کشمیر ضرور بنے گا پاکستان مگر حکمرانوں کے ہوتے ایسا نظر نہیں آتا: سراج الحق

Jul 24, 2016

لاہور (صباح نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے سابقہ اور موجودہ حکمران سنجیدگی کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کی کوشش کرتے تو اب تک اس کا کوئی نتیجہ ضرور سامنے آتا۔ گزشتہ 70 سال سے کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں، کشمیری عوام نے اپنی بے مثال جدوجہد اور لاکھوں جانوں کے نذرانے دیکر بھارت کے ماتھے پر ناکامی اور شکست کا نشان لگا دیا، کشمیری اپنے جنازوں میں پاکستانی پرچم لہراتے اور اپنے شہداء کی میتوں کو سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر قبروں میں اتارتے ہیں، 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی پوری دھوم دھام کے ساتھ مناتے ہیں اور بھارت کا یوم آزادی پورے کشمیر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اگر پاکستانی حکمران کشمیری عوام کی سرپرستی کرتے تو بھارت کو اس طرح ان کی زندگیوں سے کھیلنے کی جرأت نہ ہوتی۔ کشمیر میں جدوجہد آزادی اپنی کامیابی کے قریب ہے۔ منصورہ میں کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر ضرور بنے گا پاکستان مگر موجودہ حکمرانوںکے ہوتے ہوئے ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔ کشمیر حکمرانوں کی کسی ترجیح میں نظر نہیں آرہا۔ مودی کے ساتھ ساڑھیوں اور آموں کے تحائف کے تبادلے کرکے حکمران کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے احتساب سے بچ نہیں سکتے، عوام چوروں کے ساتھ تمام حسابات چکانے کیلئے تیار اور بے قرار نظر آتے ہیں، کرپشن کی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں کے پاسپورٹ اور جائیدادیں ضبط ہونگی اور انہیں ملک سے فرار کا موقع نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے لئے انتہائی سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے آپ کو اور اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کردیں تاکہ ان کی آڑ میں قومی دولت لوٹنے والے مگرمچھوں کو بچ نکلنے کا بہانہ نہ مل سکے۔ دریں اثناء سراج الحق نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد فرانسیسی سفارتخانے کا دورہ کیا اور فرانسیسی سفیر مسز مارٹین ڈورنیس سے گذشتہ دنوں فرانس کے شہر نیس میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں پرامن شہریوں کے قتل پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

مزیدخبریں