لندن (بی بی سی+این این آئی) برطانوی شہزادہ ولیم اور ہیری نے لیڈی ڈیانا کی 20 ویں برسی کے موقع پر اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے انہیں دنیا کی ’’شرارتی ترین ماں میں سے ایک‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے لیڈی ڈیانا کی برسی پر پیش کی جانیوالی آئی ٹی وی کی ایک دستاویزی فلم میں کہا کہ وہ محل کی دیواروں کے باہر کی حقیقی دنیا کو خوب سمجھتی تھیں۔ دونوں شہزادوں نے اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انکی والدہ نے انہیں کتنے پرلطف انداز میں پالا تھا اور وہ پوری طرح سے خود بھی بچہ ہی تھیں۔ انہیں افسوس ہے کہ انکی آخری بات چیت مختصر تھی اور وہ ایک فون کال تھی جو انہوں نے اپنی موت کے دن پیرس سے کی تھی۔ شہزادہ ولیم نے کہا کہ انہوں نے فون پر کہا کہ وہ تو یاد نہیں لیکن انکی ماں نے جو کہا وہ انہیں یاد ہے اور وہ اسکی تفصیل ظاہر نہیں کرسکتے۔ اس پروگرام میں شہزادوں کے ساتھ انکی کئی غیرمطبوعہ تصاویر بھی شامل ہیں۔ واضح رہے لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم آج امریکی و برطانوی ٹیلیویژن پر نشر کی جائے گی۔ وہ 1961ء میں ایک عام گھرانے میں پیدا ہوئیں اور برطانوی شہزادے چارلس کی دلہن بن کر انکی زندگی میں آئیں۔ شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد بھی ان میں کبھی غرور نہیں آیا بلکہ وہ تمام لوگوں کیلئے ایک ہمدرد دل رکھتی تھیں۔