کوئٹہ :سینٹرل جیل کوئٹہ میں اربوں روپے کرپشن کرنے والے قیدیوں کے مزے

Jul 24, 2017

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) سنٹرل جیل کوئٹہ میں قیدیوں کو مزیدار کھانے، تاش کھیلنے، موبائل فون اور ٹی وی کی سہولت میسر ہے، جیل میں موجود قیدی اربوں روپے کی کرپشن کے ملزم ہیں۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کے سیکرٹری عمران گچکی جیل میں تمام سہولتوں کے ساتھ موجود ہیں، ان پر اربوں روپے کی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔ دو ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے ملزم سابق وزیر خوراک بلوچستان اسفند یار کاکڑ بھی جیل میں ہیں انہوں نے 25لاکھ 60ہزار سے زائد گندم کی بوریاں غائب کرا دی تھیں۔ ویڈیو میں جیل کی بی کلاس میں اسفند یار کاکڑ موبائل فون استعمال کرتے دکھائے گئے ہیں، قیدیوں میں ڈائریکٹر فوڈ ظاہر جمال دینی بھی ہیں ڈی آئی جی جیل خانہ جات ضیا ترین کے مطابق موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہے جیل میں موبائل فون استعمال ہونے کا معلوم نہیں۔ قیدیوں کیلئے شاہی دستر خوان بچھ گیا جس پر بکرے کی سجی، کابلی پلائو، افغانی نان، کولڈ ڈرنک پیش کیا گیا، قیدیوں کو ٹی وی کی سہولت بھی میسر ہے جبکہ سگریٹ اور مالش کی سہولت بھی موجود ہے سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیو کے مطابق قیدیوں کو ایرانی قالین اور سوشل میڈیا استعمال کرنے کی سہولت بھی میسر ہے ۔ صوبائی وزیر داخلہ نے انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔

مزیدخبریں