وزیر آباد، قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگاران) علی پور چٹھہ بھتہ دینے سے انکار پر کلاتھ مرچنٹ کے مالک کا بہیمانہ قتل‘ 2 موٹرسائیکل سواروں کی آتشین اسلحہ سے فائرنگ پر عوامی سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ روڈ علی پور چٹھہ پر واقع العمران کلاتھ ہائوس کے مالک محمد عمران کو چند روز سے دھمکی آمیز فون کالز آرہی تھیں۔ گزشتہ روز صبح 10بجے 2 نوجوان دکان میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی جس سے محمد عمران موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ قتل کی خبر آگ کی طرح شہر میں پھیل گئی ہے‘ مکمل شٹر ڈائون کی اپیل پر شہر بند ہو گیا۔ پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے طاہر ایوب بھٹی، عامر منظور بھٹی، پسران محمد منظور بھٹی،انصر علی، مظہر اقبال، پسران جاوید اقبال، اکبری بی بی، شگفتہ بی بی کے خلاف بھتہ وصول کرنے سے انکار پر قتل کرنے کے الزام میںمقدمہ درج کر لیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے وزیرآباد پہنچا دیا۔ ڈی ایس پی وزیرآباد موقع پر پہنچ گئے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر شہر میں 5قتل ہو چکے ہیں۔ جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔
علی پور چٹھہ: بھتہ دینے سے انکار پر کلاتھ ہائوس کا مالک قتل
Jul 24, 2017