اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) وفاقی وزارت داخلہ کو بانی متحدہ الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء میں تاحال کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی‘ الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کی طرف سے عائد کردہ اعتراضات دور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ‘ وزارت داخلہ کی ہدایت پر انٹرپول سے اعتراضات دور کرنے کیلئے 2 بار مہلت مانگی جا چکی ہے ۔ اتوار کو ذرائع کے مطابق بانی متحدہ الطاف حسین کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے حکم پر ملزم کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کی کوششیں جاری ہیں۔ وفاقی وزارت داخلہ اور محکمہ داخلہ سندھ کے درمیان بھی الطاف حسین کے خلاف درج سنگین مقدمات پر متعدد بار رابطے ہوئے تاہم انٹرپول کے اعتراضات دور کرنے کیلئے ابھی تک مواد کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی، واضح رہے کہ انٹرپول نے الطاف حسین کی گزشتہ برس 21 اگست کی تقریر پر ریڈ وارنٹ کے اجراء کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ مقدمہ بظاہر سیاسی نوعیت کا لگتا ہے اور انٹرپول سیاسی نوعیت کے مقدمات میں ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری نہیں کرتا۔
الطاف حسین گرفتاری: انٹرپول کے اعتراضات دور کرنے کی کوششیں جاری
Jul 24, 2017