::حج پروازوں کا آغازآج ہوگا پہلی فلائٹ پشاور سے جا ئیگی

Jul 24, 2017

اسلام آباد( وقائع نگارخصوصی )ملک بھرسے حج پروازوں کا آغاز آج پیر سے ہوگا، پہلی فلائٹ پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ سے روانہ ہوگی، حج پروازیں 26 اگست تک جاری رہے گی۔ پشاور سے عازمین حج کی پہلی روانگی آج پیر سے شروع ہوگی۔ پہلے دن دو پرائیویٹ ائرلائن کے ذریعے 400 سے زائد مسافر باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ سے مدینہ منورہ روانہ ہوںگے۔ ڈائریکٹر حج خیبر پی کے شکیل احمد سیٹھی کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر پشاور سمیت خیبر پی کے سے 29 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کر یں گے۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ سے پی آئی اے کی پہلی حج فلائٹ 26 جولائی کو صبح 10 بجکر 40 منٹ پر جدہ کیلئے روانہ ہوگی۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر حج آپریشن کے سلسلہ میں خصوصی اجلاس چیف سکیورٹی آفیسر اذکار الحق اور دیگر نے شرکت کی تھی۔ آپریشن کے دوران قومی ائیرلائن پی آئی اے کی بارہ فلائٹس جدہ جائیں گی۔ اس موقعہ پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہونگے‘ غیرمتعلقہ افراد کا ائیرپورٹ پر داخلہ بند ہوگا۔

مزیدخبریں