نئی دہلی/سرینگر (آئی این پی)بھارتی فوج کے ایک اور اہلکار نے اپنی بندوق سے فائر کرکے خودکشی کرلی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات سی آر پی ایف کے جوانوں نے بروقت علاج نہ ہونے سے ساتھی کی ہلاکت پر غصے میں آکر کمپنی کمانڈر پر حملہ کردیا ۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف ) کے ایک 41سالہ اہلکار نے اپنی بندوق سے فائر کرکے خودکشی کرلی۔حکام کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل سیمپی ششی کانت سی آر پی ایف کی 226ویں بٹالین میں تعینات تھا جس نے اپنے کیمپ میں بندوق سے فائر کرکے خودکشی کرلی۔جب اس کے ساتھیوں نے گولی چلنے کی آواز سنی تو وہ بھاگ کر اس جگہ پہنچے تو اسے خون میں لت پت پایا جس پر اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ دم توڑ گیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے میں سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے اس وقت اپنے کمپنی کمانڈر پر حملہ کردیا جب سی آر پی ایف کا ایک اہلکار بیماری کے باعث ہلاک ہوگیا کیونکہ کمپنی کمانڈر نے اسے علاج کیلئے ہسپتال لے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد سی آر پی ایف کے اہلکار غصے میں آگئے اور کمپنی کمانڈر پر حملہ کردیا ۔