اسرائیلی جارحیت جاری، ایک اورفلسطینی شہید، متعدد زخمی، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

غزہ بیت المقدس (اے این این+ آن لائن)مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج ایک بار پھر جارحیت پر اتر آئی۔ اور اس نے ایک اور فلسطینی کو شہید کر دیا جبکہ مغربی کنارے میں صیہونی فوج کی شیلنگ سے مزید متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے۔ مسلمانوں نے مسجد اقصی کے باہر اسرائیل کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی کے باہر گزشتہ روز مظاہرہ کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر چڑھائی کر دی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آگ کے گولے فائر کئے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں درجنوں مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔ فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی کی روک تھام پر غور کے لیے عالمی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس (آج)سوموار کو ہو گا۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاروں نے بتایا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس سویڈن، فرانس اور مصر کے مطالبے پر طلب کیا گیا ہے جس میں مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدگی، مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی پابندیوں پر غور کیا جائےگا۔سویڈن کے سیاسی امور کے رابطہ کار کارل اسکاو¿ نے اقوام متحدہ کے دفتر میں بتایا کہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بیت المقدس کی تازہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری بات چیت شروع کرنے پر زور دیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن