قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل رانڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ملک کے ساتھ مخلص ہیں، عمران خان کو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا شوق ہے ،وہ تھوڑا صبر کے ساتھ کام لیں تو جو منزل چا ہ رہے ہیں وہ بھی مل جائے گی۔پاناما ہنگامہ کے دور میں ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کارو باری آدمی ہیں اور کاروبار کرنا جانتے ہیں ،وہ ملک کے ساتھ مخلص بھی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا شوق ہے ،انہیں تھوڑا صبر کرتے ہوئے وقت لینا چاہیے ،عمران خان جو منزل چاہ رہے ہیں انہیں وہ بھی مل جائے گی ۔شاہد آفریدی نے کہا کہ عمران خان کو جس صوبے میں مینڈیٹ ملا ہے اس میں کام تو بہتر کر رہے ہیں لیکن مزید بہتری کے لیے کام کریں اور عوام کے دلوں میں گھر کریں تاکہ لوگ کہہ سکیں کہ یہ شخص بھی محب وطن ہے ،اس کو وزیر اعظم بننا چاہیے ۔پیپلز پارٹی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کی وفات کے ساتھ ہی ختم ہو گئی تھی ،بے نظیر کا پاکستان سے لگاؤ اپنی طرز کا تھا ،کوئی بھی ان پر شک نہیں کر سکتا تھا ۔