کراچی(نیوز رپورٹر )سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے کراچی کے شہریوں کے نام اپنے ایک پیغام میں اپیل کی ہے کہ کراچی کے عوام شہر میں امن و محبت‘ تعمیر وترقی اور اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنانے کیلئے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب بنائیںاور25جولائی کو علی الصبح اپنے گھروں سے نکل کر پولنگ اسٹیشن پہنچیں اور کتاب کے نشان پر مہر لگاکر اہل اور دیانتدار قیادت کو سامنے لائیں۔نعمت اللہ خان نے کہاکہ ووٹ کی پرچی بڑی طاقت اور قوت کی حامل ہے ۔ووٹ کی طاقت سے عوام کراچی کے حالات تبدیل کر سکتے ہیں اور جن لوگوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے ان کو مسترد کر کے ان سے حساب لے سکتے ہیں۔ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے نمائندے کسی بھی قسم کی کرپشن اور بدعنوانی سے پاک ہیں صرف یہ نمائندے ہیں جو عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور حقیقی طور پر عوام کی نمائندگی کر سکتے ہیں 2002ء میں کراچی میں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والوں نے کراچی کی نمائندگی کا حق ادا کیا۔ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہمیں جب بھی موقع ملاہم نے کراچی کے عوام کی مثالی خدمت کی ہے ۔عبد الستار افغانی کے دور میں 1979ء تا 1987ء بلدیہ عظمیٰ کے اندر اور 2001ء تا 2005ء میں ہماری سٹی حکومت کے دور میں کراچی میںجو تعمیر و ترقی کے جو پروجیکٹ اور منصوبے بنائے اور مکمل کئے گئے وہ کسی اور دور میں نہیں بنائے گئے‘ پانی کے مسئلے کیلئے صرف ہم نے ہی عملی اقدامات کئے ہیں۔