کراچی (کامرس رپورٹر )کاروباری ہفتہ کے پہلے دن پاکستان اسٹاک ایکس چینج بدترین مندی کی لپیٹ میں آ گئی ،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 700 پوائنٹس گھٹ گیا جسکی وجہ سے انڈیکس 41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گیا اور40ہزار پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا ۔ مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 123ارب روپے ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 84 کھرب روپے سے گھٹ کر 83کھرب روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ پیر کو کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کی زد میں آ گئی،عام انتخابات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے مارکیٹ کے آغاز سے ہی فروخت کو ترجیح دی جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریڈنگ ویلیو کم رہا بلکہ ٹرن اوور بھی گذشتہ جمعہ کی نسبت12کروڑ روپے کم ہوا ۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق الیکشن کے قریب آتے ہی سیاسی درجہ حرارت بڑھنے سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں میں تذبذب کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے نئے سرمائے کا سلسلہ رکنے سے مارکیٹ تنزلی کا شکار دکھائی دے رہے ہے جس کی وجہ سے قومی امکان ہے کہ منگل کے روز بھی مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہیں گے ۔پیر کو مندی کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 41200،41100، 41000، 40900،40800،40700،40600 اور40500پوائنٹس کی 8نفسیاتی حد سے گر کر 40400پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ۔مارکیٹ میںپیر کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں757.77پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 41221.75 پوائنٹس سے کم ہو کر 40463.98 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 425.40 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 19972.95پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29947.01 پوائنٹس سے گھٹ کر 29513.28 پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 23ارب 40 کروڑ 5 لاکھ 74 ہزار 791 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم84کھرب 76 ارب 21 کروڑ 4 لاکھ 33 ہزار981روپے سے کم ہو کر83کھرب 52 ارب 80 کروڑ 9 8لاکھ59ہزار190روپے ہو گیا ۔