لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے قمر الاسلام اور وسیم اجمل کے جسمانی ریمانڈ میں 6 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ سابقہ پنجاب حکومت کے صاف پانی سکینڈل میں گرفتار دو ملزمان قمر الاسلام راجہ اور وسیم اجمل کو نیب لاہور نے گزشتہ روز احتساب عدالت میں پیش کر دیا جہاں نیب لاہور نے احتساب عدالت سے ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور دونوں ملزمان کے وکلاء نے اپنے اپنے فریق کی حمایت میں دلائل پیش کئے جس کے بعد احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دینے یا دینے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا، بعد ازاں عدالت نے 6 اگست تک جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ صاف پانی منصوبے کی مجموعی مالیت ایک سو انتیس ارب تھی جسے بعدازاں بڑھا کر ایک سو نوے ارب کر دیا گیا اس طرح ملزمان نے اس منصوبے میں سرکار کو ایک سو چوبیس ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے مذکورہ دونوں ملزمان کے علاوہ چھ ملزمان کو گرفتار کر رکھا ہے۔