اسلام آباد میں چترال ہاؤس بناؤں گا‘آج ووٹ مانگنے آیا ہوں، پرویز مشرف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سرپرست اعلیٰ سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ چترال کے لوگ بہت خوبصورت ہیں،ان سے ہمیشہ پیار رہا،اپنے دور اقتدار میں چترالیوں کو ترقی اور خوشحالی دینے آتا تھا، آج ان سے ووٹ مانگنے آیا ہوں،جب بھی پاکستان آئوں گا میری منزل چترال ہوگی،چترال میں اپنا گھراور اسلام آباد میں چترال ہائوس بنائوں گا۔چترال کے عوام ڈاکٹر محمد امجد اور سہراب خان کو ووٹ دیں، میں سمجھوں گا ان کا ووٹ مجھے ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 01میں ڈاکٹر محمد امجد کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقد کئے گئے پولو گرائونڈ چترال میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام سے ہمیشہ پیار رہا، ان لوگوں نے ہمیشہ بہت عزت دی ۔اپنے دوراقتدار میں چترال کے عوام کا تیس سال سے رکا ہوا لواری ٹنل کا منصوبہ پورا کیا۔سڑکوں کی تعمیر، پاور پروجیکٹس اور دیگر کئی ایک سہولیات دیں۔ اپنی نگرانی میں ان سے چترال کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کروائوں گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین اور این اے 01چترال سے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ وہ اپنے قائد سید پرویز مشرف اور چترال کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں پر سید پرویز مشرف کے دور حکومت کے بعد رک گیا تھا۔اس موقع پر فاطمہ سکندر ملہی،شہزادہ گل،سہراب خان،تقدیرہ اجمل،صفدر علی اور چوہدری اسد بھی موجود تھے۔دریں اثناء پی کے 01چترال سے آزاد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی اور چترال ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شفیق الرحمٰن نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت اے پی ایم ایل کے امیدوار ڈاکٹر محمد امجد کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔

ای پیپر دی نیشن