اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمنی الیکشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمشن کے نوٹس کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست خارج کر دی ہے۔ الیکشن کمشن نے عمران خان کو ضمنی انتخابات میں لاہور، ساہیوال اور لودھراں میں جلسہ کرنے پر عمران خان کو نوٹس بھیجا تھا ، جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے 26 اپریل 2018ء کو فیصلہ محفوظ کیا تھاجو گزشتہ روز سنایا گیا۔ فاضل عدالت نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی جس پر الیکشن کمشن کی جانب سے عمران خان کو جاری نوٹس بحال ہو گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے دائر آرٹیکل 62 کے تحت نااہلی کی درخواست پر عمران خان اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی ہے۔