ہائیکورٹ : این اے 60 پر الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف شیخ رشید کی درخواست مسترد

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ نوائے وقت) ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مجاہد مستقیم نے این اے 60 کے ایک امیدوار محمد حنیف عباسی کو انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کی جانب سے دی گئی عمر قید و جرمانہ کی سزا کے بعد الیکشن کمشن کی جانب سے انتخاب ملتوی کرنے کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست مسترد کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کسی ایک امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا امیدوار کو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں۔ قبل ازیں ٹرائل کورٹ سے ن لیگی رہنما مریم نواز اورکیپٹن صفدر کو سزا سنائی گئی لیکن ان کے حلقوں کے الیکشن ملتوی نہیں ہوئے۔ الیکشن ملتوی کرنیکا یہ اختیار متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کا ہے بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں استدعا ہے کہ الیکشن کمشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر 25 جولائی کو انتخاب کرانے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں الیکشن کمشن اور ریٹرننگ افسر کے علاوہ دوسرے امیدواروں کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔ دریں اثناء پاکستان فلاح پارٹی کے امیدوار سید راشد گردیزی نے الیکشن کمشن کے فیصلے کی تائید کی اور موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ (ن) بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا ووٹ بینک موجود ہے اس کا امیدوار نااہل ہوگیا ہے جس کا نام بھی بیلٹ پیپر میں شائع ہوچکا ہے اگر وقت پر الیکشن ہوتا ہے تو اسے بھی ووٹ پڑ سکتے ہیں جو مناسب نہیں ہوگا اس لئے ہم عدالت سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدکی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہیں۔ عدالت عالیہ نے الیکشن کمشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کیلئے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ وکیل الیکشن کمشن نے کہا کہ بیلٹ پیپرز پر تمام امیدواروں کے انتخابی نشان اور نام بھی چھپ چکے ہیں، بیلٹ پیپر کی چھپائی آسان کام نہیں، یہ ایک پراسیس کے تحت ہوتی ہے الیکشن کمشن کے پانچ رکنی کمشن نے تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وکلاء کی بحث کے بعد عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ بعدازاں صحافیوںسے گفتگو کرتے شیخ رشیدنے کہاکہ دو دن رہ گئے ہیں۔ الیکشن کمشن نے ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ فیصلہ کیا ہے۔ یہ لوگ قلم دوات سے خوفزدہ ہیں۔ چیف جسٹس نے یقین دہانی کروائی تھی کہ الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے اگر ایسے الیکشن ملتوی ہوں گے تو مریم اور صفدر کے الیکشن بھی ملتوی کئے جائیں، کمزور اور بیمار ذہن والے لوگ الیکشن ملتوی کرا رہے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے این اے 60کا الیکشن، الیکشن کمشن کی جانب سے موخر کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں عدالت سے الیکشن کمشن کے انتخابات کو روکنے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 60 کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پیپلزپارٹی کی درخواست پر الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کرلیا ہے۔ مختار عباس نے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...