لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے الیکشن 2018 ء قوم کے پاس کرپٹ مافیا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں سے نجات کا سنہری موقع ہے اسے ضائع نہ کریں اور 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ میں ہمارا ساتھ دیں۔ موجودہ الیکشن بیرونی اشاروں پر ناچنے والے سیکولر ٹولے اور اسلام پسند قوتوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہے۔ ملک کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایم ایم اے کی کامیابی ضروری ہے۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے حلقہ انتخاب لوئر دیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ستر سال سے عوام کی گردنوں پر مسلط ٹولے نے قومی عزت و وقار کو نیلام کیا اور امریکی و مغربی سامرا ج کی خوشنودی کے لیے پاکستان کو اسلام کے بابرکت نظام سے محروم رکھا جس پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے بڑوں نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا ، حکمرانوں نے اس کے نظریے سے بے وفائی اور غداری کی جس کی وجہ سے پاکستان دولخت ہواا ور ہم اپنے مشرقی بازو سے محروم ہو گئے مگر ذاتی مفادات کے اسیر ٹولے نے اس سانحہ سے عبرت پکڑنے کی بجائے باقی ماندہ ملک کو بھی خطرات کے حوالے کر دیاہے ۔ انہوںنے کہا ان نااہل اور کرپٹ لوگوں سے کسی خیر کی توقع رکھناخود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ان لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو پس پشت ڈالا ہے ۔ یہی ٹولہ عوام کی خوشیوں کا قاتل اور محرومیوں کا ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہامتحدہ مجلس عمل ہی اصل متبادل قوت ہے ، باقی پارٹیوں کو عوام آزما چکے ہیں ۔ عوام نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کو ایک یا دوبار نہیں ،تین تین بار موقع دیا مگر وہ مسائل حل کرنے کی بجائے مسائل پیدا کرتے رہے اور آج یہ صورتحال ہے پاکستان مسائل کی دلدل میں پھنس چکاہے ، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کی نسلیں عیش و عشرت کے مزے لوٹ رہی ہیں، یہ لوگ ایک بار پھر بلند و بانگ دعوئوں سے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔