کابل + اسلام آباد (اے ایف پی+آن لائن) کابل ائرپورٹ پر افغان نائب صدر عبدالرشید دوستم کی آمد پر خودکش حملے میں مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی جبکہ 107 افراد زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ پر افغان نائب صدر کی آمد پر خودکش دھماکہ ہوا تھا۔ نائب صدر کے استقبال کیلئے موقع پر سرکاری افسران، سیاسی رہنمائوں اور ان کے حامیوں کا خاصہ رش تھا۔ تاہم نائب صدر بالکل محفوظ ہے۔ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی۔ پاکستان نے افغانستان میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے باہر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ہم افغان حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کابل میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے باہر دہشت گرد حملے کی مذمت کی جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد زخمی ہوئے۔ ترجمان نے کہا پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت اور اس کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔