اسلام آباد (اے پی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے مجموعی طورپر 18ہزار 800 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سرکاری سکیم کے تحت 8ہزار 800 اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 10ہزار عازمین حجازمقدس پہنچا دیئے گئے ہیں۔ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو 3 وقت کے کھانے سمیت انتہائی آرام دہ رہائشیںفراہم کی گئی ہیں۔ 14 جولائی سے شروع ہونے والے حج فلائٹ آپریشن کے تحت براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے حاجیوں کو 8 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح براہ راست جدہ پہنچنے والے حاجیوں کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ بھجوایا جارہا ہے۔ تمام عازمین کو حج سے قبل 15 اگست تک حجاز مقدس پہنچادیاجائے گا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لئے فلائٹ آپریشن جمعرات 26 جولائی سے شروع ہو گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حاجیوں کو حجاز مقدس پہنچانے کی ذمہ داری شاہین ایئر انٹرنیشنل کو سونپی گئی تھی۔تاہم شاہین ایئر انٹرنیشنل کے حج آپریشن سے باہر ہونے کی بناء پر بلوچستان کے 4ہزار 733 حاجیوں کو پی آئی اے اور ایئر بلیو کے ذریعے حجاز مقدس پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے 18ہزار 800 پاکستانی عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے
Jul 24, 2018