خاندانی مسلم لیگی ہوں‘ کوئی پارٹی سے نکال نہیں سکتا: چودھری نثار

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منحرف رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہائوس سے اڈیالہ جیل پہنچنے کے ذمہ دار نواز شریف خود ہیں وہ روز اول سے خوشامدپسند ہیں۔انہوں نے صحیح مشورے دینے والوں کے مشوروں کو نہ صرف نظر انداز کیا بلکہ ان کو اپنے آپ سے دور رکھا اور خوشامدیوں کو اپنے اردگرد جمع رکھا اور ان کے مشوروں پر عمل کیا جسکے باعث آج وہ اس نہج پر پہنچ گئے ہیں۔میاں نواز شریف یا کوئی دوسرا مجھے مسلم لیگ سے نہیں نکال سکتا۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طر ح مجھے خاندانی مسلم لیگی ہونے پر فخر ہے اسی طرح خاندانی فوجی ہونے پر بھی فخر ہے۔جب کبھی بھی سویلین ملٹری معاملہ آیا تو میں نے ہمیشہ نواز شریف کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک نئے ماحول کا تعلق ہے میں آزاد الیکشن حالات کے جبر کے تحت لڑ رہا ہوں تاہم مجھے اپنے حلقے میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوا۔عوام کے ساتھ میرا محبت کا رشتہ قائم دائم ہے بلکہ لوگ اب مزید جذباتی ہو گئے ہیں سب جانتے ہیں کہ شریف برادرانہ سے میرا محبت کا رشتہ قائم ودائم نہیں رہ سکا میری شدید خواہش ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ اپنی 34 سال کی وفاداری کا رشتہ اور اختلاف کا پس منظر بھی قوم کے سامنے رکھوں شاید یہ موقع الیکشن کے بعد آئے۔ نواز شریف پاکستان کے بڑے سیاسی لیڈر ہیں ان کو یہ احساس ہونا چاہیے تھا کہ میں سیاسی لوگوں سے مشورے لوں میں نے پانامہ لیکس کے حوالے سے اپنے مشور ے دیئے مگر انہوں نے قبول نہیں کیے پھر میں آہستہ آہستہ سائیڈ لائن ہو گیا ۔میرے علاوہ تین چار اور لوگ بھی تھے جویا تو خود چھوڑ کر چلے گئے یا نوازشریف نے انہیں خود الگ کر دیا۔چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو یہی مشورہ دیا کہ آپ ایک مشکل میں ہیں اپنی مشکلات میں مزید اضافہ نہ کریں عدلیہ اور فوج سے بلاوجہ نہ لڑیں جو آپ کے خدشات ہیں فوجی قیادت کو بلا کر ان کے سامنے رکھیں اور جو آپ کے خدشات اور ثبوت ہیں ان کے سامنے رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...