لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود ملزموں کا نام ای سی ایل میں شامل نہ کرنے پر سخت نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے نیا ایس او پی جاری کر دیا۔ جس کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق تاخیری حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ چیف جسٹس نے ای سی ایل سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے نیا ایس او پی جاری کردیا جس کے مطابق ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل، اسسٹنٹ رجسٹرار عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کریں گے۔ ہائیکورٹ کے نئے ایس او پی میں کہا گیا کہ شہری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق اسسٹنٹ رجسٹرار عدالتی فیصلے کا ریکارڈ اکٹھا کرے گا۔ چیف جسٹس نے احکامات جاری کیے ہیں کہ ای سی ایل سے متعلق فیصلوں کو بروقت متعلقہ محکموں تک پہنچایا جائے۔