انقرہ (صباح نیوز)ترک وزیر خارجہ مولود شاوش اوغلو نے کہا ہے کہ ایس400 میزائل دفاعی نظام 2020 کے اوائل میں فعال ہوجائے گا، اگر امریکا نے روس سے اس میزائل نظام کے سودے پر کوئی پابندیاں عائد کیں تو ترکی بھی جواب میں پابندیاں عائد کر دے گا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس ڈیل پر امریکا کی پابندیوں کے معاملے پر غیر یقینی کی صورت حال پائی جاتی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ترکی پر پابندیاں عائد نہیں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف 35 لڑاکا جیٹ پروگرام کے شراکت دار ممالک امریکا کے ترکی کو معطل کرنے کے فیصلے سے متفق نہیں ۔ واضح رہے کہ امریکا نے ترکی کو روس سے میزائل دفاعی نظام خرید کرنے پر لڑاکا جیٹ طیاروں کے فاضل پرزوں کی تیاری کے پروگرام سے معطل کر دیا ہے اور اس کو خرید کیے گئے لڑاکا جیٹ مہیا کرنے سے بھی انکار کر دیا ۔شام میں محفوظ علاقہ مولود شاوش اوغلو نے شام کی صورت حال کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔انھوں نے کہا کہ جنگ زدہ ملک کے شمالی علاقے میں اگر محفوظ زون قائم نہیں کیا جاتا ہے اور ترکی کے لیے خطرات جاری رہتے ہیں تو دریائے فرات کے مشرقی کنارے کے علاقے میں فوجی کارروائی کی جائے گی۔