لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی مینز اور ویمنز ورلڈ کپ ٹی 20 کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی ہے۔آئی سی سی مینز اور ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت کے اعلان اور اس کی فروخت کے ابتدائی مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے، پاکستان سمیت 10 ٹیموں پر مشتمل ویمنز ایونٹ آئندہ سال 21 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طورپر 23 میچ شیڈول ہیں۔دنیا کی 16 بہترین مینز ٹیموں کا میلہ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک 8 مختلف مقامات پر لگے گا، آئی سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمت کم سے کم 20 ڈالر رکھی گئی ہے، بچوں کے لیے یہ 5 ڈالر ہوگی، ویمنز ایونٹ دیکھنے کے خواہشمند آن لائن ٹکٹ بک کراسکتے ہیں تاہم مینز ایونٹ کے لیے پہلے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے جو 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔پاکستانی مینز ٹیم مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو آسٹریلیا کیخلاف کریگی، پاکستان دوسرا میچ کوالیفائیر ٹیم سے، نیوزی لینڈ سے جوڑ 31 اکتوبر ، 3 نومبر کو وویسٹ انڈیز‘ 6 نومبر کو کوالیفائر ٹو کے خلاف کھیلے گی ۔